انسداد دہشتگردی عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو انہیں 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ کارروائی 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران کی گئی، جس کی صدارت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ مقدمے میں علیمہ خان سمیت 11 افراد نامزد ہیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران علیمہ خان پیش نہ ہوئیں، جبکہ دیگر 10 ملزمان عدالت میں موجود تھے۔ مقدمے میں استغاثہ کے پانچ گواہان بھی مالِ مقدمہ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔
علیمہ خان کی مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے تیسری بار ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، جبکہ ان کے ضامن عمر شریف کے خلاف بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔
عدالت نے ضامن کی جانب سے جمع کرائی گئی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔









