
امریکی نژاد گلوکارہ جینیفر گروٹ، جو عرب دنیا میں اپنی کلاسیکی عربی موسیقی کی مہارت کے لیے مشہور ہیں، نے قرآنی تلاوت کے ذریعے عالمی سطح پر شائقین کو متاثر کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، جینیفر گروٹ نے 2013 میں اسلام قبول کیا اور اس کے بعد سے قرآن پاک کی تلاوتیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کیں، جنہیں نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلم ناظرین نے بھی دل و جان سے سراہا۔
گروٹ نے عرب گوٹ ٹیلنٹ کے 2013 کے سیزن میں فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اگرچہ وہ ابتدائی طور پر عربی زبان نہیں جانتی تھیں، لیکن انہوں نے ام کلثوم اور دیگر کلاسیکی عربی گلوکاروں کے گانے شاندار انداز میں پیش کیے، جس نے فوراً سامعین کو متاثر کیا۔
عربی زبان اور مراکشی موسیقی کے لیے ان کے شوق نے انہیں مراکش منتقل ہونے پر مجبور کیا، جہاں انہوں نے نہ صرف زبان سیکھی بلکہ وہاں کی ثقافت میں بھی مکمل طور پر غرق ہو گئیں۔
اسلام قبول کرنے کے بعد گروٹ کی تلاوتیں ایک منفرد روحانیت اور موسیقی کے امتزاج کے طور پر سامنے آئیں، جو عالمی ناظرین کے لیے ایک نادر تجربہ ثابت ہوئی ہیں۔ ان کی یہ کوششیں انہیں عالمی سطح پر ایک منفرد مقام دلاتی ہیں اور عربی موسیقی اور ثقافت کے عالمی امتزاج کی بہترین مثال پیش کرتی ہیں۔









