امریکی میڈیا کا پینٹاگون کی نئی پابندیوں پر ردعمل، آزادی صحافت پر تشویش

واشنگٹن — امریکہ کے پانچ نمایاں میڈیا اداروں نے پینٹاگون کی جانب سے صحافیوں کے لیے متعارف کرائی گئی نئی پابندیوں کو مسترد کر دیا ہے، جنہیں وہ آزادی صحافت کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔
مشترکہ بیان میں ان اداروں نے کہا ہے کہ ان ضوابط کے نفاذ سے قومی سلامتی سے متعلق اہم معلومات تک رسائی محدود ہو جائے گی، جو عوام کو باخبر رکھنے کے عمل میں رکاوٹ بنے گا۔
اداروں نے زور دیا کہ وہ آزادی صحافت کے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے امریکی افواج کی رپورٹنگ جاری رکھیں گے اور کسی ایسی پالیسی کو تسلیم نہیں کریں گے جو رپورٹنگ کی خودمختاری کو متاثر کرے۔
یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت قومی سلامتی سے متعلق رپورٹنگ کو مزید ضابطے میں لانے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسی کوششیں جمہوری اقدار سے متصادم ہو سکتی ہیں۔







