امریکی حکام کی تصدیق: نیشنل گارڈز پر حملہ افغان شہری نے کیا

0
47
امریکی حکام کی تصدیق: نیشنل گارڈز پر حملہ افغان شہری نے کیا

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے نزدیک نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ فیروگٹ ویسٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب ہوئی، جو وائٹ ہاؤس سے چند بلاکس کے فاصلے پر واقع ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک مسلح شخص نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت گارڈز کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کرکے زخمی اہلکاروں کو فوری اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

حکام نے مشتبہ حملہ آور کی شناخت 29 سالہ افغان نژاد رحمان اللہ لکھنوال کے طور پر کی ہے، جو 2021 میں امریکہ آیا تھا۔ واقعے کے بعد سرکاری عمارتوں اور قریبی علاقوں میں سیکیورٹی سخت کردی گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واشنگٹن ڈی سی کے میئر نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر شہر میں نیشنل گارڈ کے مزید 500 اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے فائرنگ کو سیکیورٹی اہلکاروں پر سوچا سمجھا حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اسے قومی سلامتی کے معاملے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ردِعمل دیتے ہوئے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ نیشنل گارڈز پر حملہ کرنے والے کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی پسِ منظر جانچ ضروری ہے، اور افغانستان سے آنے والے افراد کی دوبارہ اسکریننگ ناگزیر ہے۔

Leave a reply