امریکا کی سفری پابندیوں میں توسیع، فہرست 30 سے زائد ممالک تک پہنچنے کا امکان

امریکا نے سفری پابندیوں کی فہرست میں توسیع کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت پابندی کا شکار ملکوں کی تعداد موجودہ 19 سے بڑھ کر 30 سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ صدر ٹرمپ مزید ممالک کا جائزہ لے رہے ہیں جن پر نئے پابندیوں کا اطلاق کیا جا سکتا ہے، تاہم انہوں نے کسی ملک کا نام نہیں لیا۔
اس سے قبل رواں ماہ یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کے باعث 19 غیر یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی امیگریشن درخواستیں روک دی ہیں۔ اس پابندی کا اطلاق گرین کارڈ اور شہریت کے معاملات پر بھی ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جون میں جن ممالک کو پہلے ہی جزوی یا سخت سفری پابندیوں کا سامنا تھا، انہی ملکوں کے شہری اس تازہ ترین فیصلے سے متاثر ہوں گے۔ سخت ترین پابندیوں کا سامنا کرنے والے ممالک میں افغانستان، برما، چاڈ، کانگو، استوائی گنی، اریٹریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں، جن پر امریکا میں داخلے پر بعض استثناؤں کے ساتھ مکمل پابندی عائد ہے۔
جبکہ دیگر ممالک جنہیں جزوی پابندیوں کا سامنا ہے، ان میں برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا شامل ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق ممکنہ طور پر جلد ہی مزید ممالک کو بھی اس فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔








