امریکا کا ایرانی عہدیداروں کے بارے میں معلومات دینے والوں کے لیے بڑا اعلان

0
23
امریکا کا ایرانی عہدیداروں کے بارے میں معلومات دینے والوں کے لیے بڑا اعلان

امریکا نے ایران کے چند اعلیٰ حکام کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر بڑا مالی انعام دینے کا اعلان کردیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ریوارڈ فار جسٹس پروگرام کے تحت ایران کے بعض اہم عہدیداروں سے متعلق معلومات دینے والے افراد کے لیے 10 ملین ڈالر (تقریباً 3 ارب پاکستانی روپے) تک انعام مقرر کیا گیا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد ایسے افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنا ہے جنہیں امریکا اپنی قومی سلامتی یا امریکی شہریوں اور املاک کے لیے خطرہ قرار دیتا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

اعلان کے مطابق ان افراد میں ایران کی اعلیٰ قیادت سے وابستہ شخصیات اور سیکیورٹی اداروں کے کچھ سینئر عہدیدار شامل ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ افراد کے بارے میں مصدقہ معلومات فراہم کرنے والوں کو مالی انعام کے علاوہ سیکیورٹی اور رازداری بھی فراہم کی جائے گی۔

محکمہ خارجہ نے بتایا کہ معلومات فراہم کرنے کے لیے خصوصی آن لائن ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں، جن میں محفوظ رابطہ کاری کے لیے خفیہ نیٹ ورک اور میسجنگ ایپلی کیشنز شامل ہیں۔ ان ذرائع کا مقصد معلومات دینے والے افراد کی شناخت کو محفوظ رکھنا بتایا گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ پروگرام کئی برسوں سے جاری ہے اور اس کے تحت دنیا کے مختلف حصوں میں دہشت گردی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کو انعامات دیے جا چکے ہیں۔

Leave a reply