امریکا میں وینزویلا کا کروڑوں بیرل تیل درآمد کرنے کا منصوبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وینزویلا سے 30 سے 50 ملین بیرل اعلیٰ معیار کا خام تیل امریکا منتقل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ تیل امریکی منڈی میں مارکیٹ ریٹ پر فروخت کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ان کی نگرانی میں استعمال کی جائے گی، جس کا مقصد امریکا اور وینزویلا کے عوام کو فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے امریکی وزیرِ توانائی کرس رائٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اس منصوبے پر عملدرآمد شروع کریں اور تیل کی امریکی بندرگاہوں تک ترسیل کو یقینی بنائیں۔
اس اعلان سے قبل عالمی میڈیا میں رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کے مطابق امریکا اور وینزویلا کے حکام کے درمیان تیل کی برآمدات سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق وینزویلا کا خام تیل امریکی ریفائنریز کو فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں وینزویلا سے تیل کی درآمدات معطل کر دی تھیں۔ اب توقع کی جا رہی ہے کہ امریکی توانائی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام وینزویلا میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کے لیے جمعرات کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے۔
تاہم وائٹ ہاؤس اور وینزویلا کے حکام نے اس پیش رفت پر فی الحال کوئی باضابطہ ردِعمل نہیں دیا۔









