امدادی اداروں اورسول ڈیفنس کاکام قابلِ تحسین ہے ، مریم نواز

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ حالیہ سیلابی صورتحال میں انتظامیہ کی بروقت کارروائیوں کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شاہدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صوبے کے تین دریاؤں میں معمول سے زیادہ پانی آیا ہے جس سے کئی علاقوں میں خطرناک صورتحال پیدا ہوئی، تاہم متعلقہ اداروں نے مؤثر اقدامات کیے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی انتظامیہ نے 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، اور ان کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بعض افراد نے آبی گزرگاہوں میں غیرقانونی رہائشیں قائم کی ہوئی ہیں، جنہیں ہٹایا جائے گا تاکہ آئندہ خطرات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے نارووال، سیالکوٹ اور گجرات میں شدید متاثرہ علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اضلاع میں امدادی اداروں، ضلعی افسران اور سول ڈیفنس نے قابلِ تحسین کام کیا۔
مریم نواز نے زور دیا کہ مستقبل میں ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فوری طور پر واٹر اسٹوریج، ہارویسٹنگ سسٹمز اور ڈیمز کی تعمیر پر توجہ دینی ہوگی تاکہ بارش اور سیلابی پانی کو محفوظ کیا جا سکے۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کریں تاکہ اس قدرتی وسیلے سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔









