
لاہور:فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ایک طالبہ ہاسٹل کی عمارت سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طالبہ نے مبینہ طور پر ہاسٹل کی تیسری منزل سے چھلانگ لگائی، جس کے نتیجے میں اسے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔
ڈاکٹرز کے مطابق جاں بحق ہونے والی طالبہ کی شناخت 22 سالہ فریحہ کے نام سے ہوئی ہے، جو فائنل ایئر کی طالبہ تھی اور اس کے سالانہ امتحانات جاری تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کا ایک پرچہ ہو چکا تھا جبکہ دوسرا پرچہ 19 فروری کو ہونا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صبح تقریباً 7 بج کر 55 منٹ پر ایمرجنسی ہیلپ لائن پر اطلاع موصول ہوئی کہ ایک لڑکی ہاسٹل کی عمارت سے گر گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
ابتدائی بیان میں پولیس نے بتایا کہ طالبہ گزشتہ چند ماہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھی، تاہم واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے جو موت کی وجوہات کا تعین کرے گا۔
طالبہ کا تعلق کشمیر سے بتایا جاتا ہے اور وہ اپنے والد کے ساتھ لاہور میں مقیم تھی۔ واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی ہے جسے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ ذمہ داران کے تعین کیلیےبباقاعدہ انکوائری شروع کردی گئی ہے۔








