الکھ پانڈے کی چھلانگ: دولت میں شاہ رخ خان سے بھی آگے نکل گئے

0
54

آن لائن تعلیمی پلیٹ فارم فزکس والا کے شریک بانی اور سی ای او، الکھ پانڈے نے کم وقت میں غیر معمولی مالی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خود کو بھارت کے نمایاں کاروباری افراد کی فہرست میں شامل کروا لیا ہے۔ ہورون انڈیا کی حالیہ رچ لسٹ 2025 کے مطابق، الکھ پانڈے کی مجموعی دولت اب تقریباً 460 ارب پاکستانی روپے تک پہنچ چکی ہے، جو کئی معروف شخصیات سے بھی زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق، الکھ پانڈے اور ان کے ساتھی پرتیک مہیشوری کی دولت میں گزشتہ سال 223 فیصد اضافہ ہوا۔ اگرچہ کمپنی نے گزشتہ مالی سالوں میں کچھ نقصانات کا سامنا کیا، لیکن اس کے باوجود فزکس والا کی مارکیٹ ویلیو اور آمدنی میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔

مالی سال 2025 کے دوران کمپنی کی آمدنی تقریباً 96 ارب روپے تک جا پہنچی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کا خسارہ بھی کم ہو کر تقریباً 8 ارب پاکستانی روپے تک محدود رہا، جو اس کی بہتر مالی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔

فزکس والا نے سال کے آخر تک اپنی ابتدائی عوامی پیشکش (IPO) لانچ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق، کمپنی نے بھارتی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ (SEBI) میں 128 ارب پاکستانی روپے کے آئی پی او کے لیے خفیہ درخواست جمع کروا دی ہے، جس کی منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے۔

الکھ پانڈے کا تعلیمی سفر بھی کئی حوالوں سے متاثر کن ہے۔ وہ 1991 میں پریاگ راج (پہلے الہٰ آباد) میں پیدا ہوئے اور ہارکورٹ بٹلر ٹیکنیکل یونیورسٹی، کانپور سے مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی، تاہم تیسرے سال میں تعلیم ادھوری چھوڑ کر یوٹیوب کے ذریعے طلبہ کو فزکس پڑھانا شروع کیا۔

2016 میں لانچ کیے گئے ان کے یوٹیوب چینل فزکس والا نے دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں طلبہ کا اعتماد حاصل کر لیا، اور بعد ازاں یہی پلیٹ فارم ایک بڑی ایڈٹیک کمپنی میں تبدیل ہو گیا۔

الکھ پانڈے کو ان کی خدمات کے اعتراف میں “ایجوکیشن انٹرپرینیور آف دی ایئر” کا اعزاز بھی دیا جا چکا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ تعلیم کاروبار نہیں بلکہ مشن ہے، اور ان کی کمپنی اسی وژن پر قائم ہے۔

Leave a reply