افغان شہریوں سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکیوں کی وطن واپسی جاری

پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے انخلا کا عمل بدستور جاری ہے۔ دیگر صوبوں کی طرح پنجاب میں بھی سیکیورٹی ادارے اس سلسلے میں متحرک ہیں۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق اب تک صوبے کے مختلف اضلاع سے 31 ہزار 377 افغان باشندوں سمیت غیر قانونی غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔ اس وقت 203 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 11 ہزار 576 مرد، 6 ہزار 679 خواتین اور 13 ہزار 133 بچے شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 10 ہزار 43 افراد کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، 11 ہزار 67 افغان سٹیزن کارڈ کے حامل تھے جبکہ 10 ہزار 267 افراد غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔
لاہور میں 5 جبکہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ صوبے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور غیر قانونی مقیم تمام افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔









