افغانستان میں پاکستانی ادویات پر مکمل پابندی، پاکستان سے تجارت بھی غیرقانونی قرار

0
124
افغانستان میں پاکستانی ادویات پر مکمل پابندی، پاکستان سے تجارت بھی غیرقانونی قرار

کابل: افغان نائب وزیراعظم اور وزیر برائے معاشی امور ملا عبدالغنی برادر نے افغان تاجروں اور صنعت کاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان کے بجائے متبادل ممالک کے راستے تجارت کے لیے فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے ایک اجلاس میں کہا کہ افغانستان کو اپنی تجارتی پالیسیوں میں خود کفالت اور تنوع لانا ہوگا تاکہ ملک کا انحصار کسی ایک ہمسایہ ملک پر نہ رہے۔ ان کے مطابق، مستقبل میں اگر کسی تاجر کو پاکستان کے راستے تجارتی مشکلات یا نقصان کا سامنا کرنا پڑا تو حکومت اس کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گی۔

ملا برادر کا کہنا تھا کہ افغانستان صرف اسی صورت پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بحال کرے گا جب یہ واضح اور عملی ضمانتیں دی جائیں کہ تجارتی راستے سیاسی یا سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند نہیں کیے جائیں گے۔

دوسری جانب، افغان حکام نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سے دواساز مصنوعات کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مقررہ مدت کے بعد پاکستان میں تیار کی گئی ادویات کی خرید و فروخت افغانستان میں غیر قانونی تصور کی جائے گی۔

حکام کے مطابق، تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غذائی اجناس اور دیگر ضروری اشیاء کی درآمد کے لیے بھی متبادل تجارتی راستے تلاش کریں، کیونکہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان سے لائی جانے والی اشیاء پر بھی ممکنہ طور پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

Leave a reply