اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کریں گے

0
85
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کریں گے

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور ملک کی پہلی خاتون وزیرِاعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ آج دارالحکومت ڈھاکا میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی جائے گی۔
پاکستان کی جانب سے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق جنازے میں شرکت کریں گے۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈھاکا روانہ ہو رہے ہیں اور اس موقع پر خالدہ ضیا کے اہلِ خانہ سے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔
خالدہ ضیا کو ان کے شوہر اور بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کے پہلو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ان کے انتقال پر بنگلادیش میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
خالدہ ضیا طویل عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں اور ڈھاکا کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ وہ گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔
خالدہ ضیا بنگلادیش کی نمایاں سیاسی رہنما تھیں۔ انہوں نے 1991 سے 1996 اور 2001 سے 2006 تک دو بار وزیراعظم کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں۔ وہ بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی رکھتی تھیں۔
وہ بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں۔ اپنے سیاسی کیریئر کے دوران انہیں مختلف قانونی مقدمات اور الزامات کا سامنا بھی رہا، جن کے نتیجے میں انہیں 2018 میں قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

Leave a reply