اسپیکر سے ملاقات کامیاب، اپوزیشن لیڈر کا معاملہ طے پا گیا

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جمعرات تک محمود خان اچکزئی کو باضابطہ طور پر اپوزیشن لیڈر مقرر کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی جس میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے طریقۂ کار پر اتفاق ہوا۔ ان کے مطابق تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور جلد ہی نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اس ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دو ارکان بھی موجود تھے، تاہم ان کا مؤقف تھا کہ چونکہ پیپلز پارٹی اپوزیشن بینچز پر نہیں بیٹھی اس لیے انہیں اس معاملے میں کوئی آئینی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے ارکان نے واضح کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کوئی دستاویز جمع نہیں کروائیں گے۔









