اسپیس ایکس کا اسٹارشپ مشن تکنیکی خرابی کے باعث مؤخر

0
116
اسپیس ایکس کا اسٹارشپ مشن تکنیکی خرابی کے باعث مؤخر

امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنا نیا اسٹارشپ مشن، جو اتوار 24 اگست کو لانچ کیا جانا تھا، تکنیکی خرابی کے باعث عین وقت پر ملتوی کر دیا۔ یہ پرواز امریکی ریاست ٹیکساس کے لانچ پیڈ سے ہونا تھی، تاہم گراؤنڈ سسٹم میں خرابی سامنے آنے کے بعد کمپنی نے لانچ روکنے کا فیصلہ کیا۔

اسٹارشپ راکٹ دو اہم حصوں پر مشتمل ہے: نیچے والا “سپر ہیوی بوسٹر” جو 232 فٹ اونچا ہے، اور اوپر والا “اسٹارشپ” حصہ جو 171 فٹ بلند ہے۔ دونوں حصے ایندھن سے بھرے ہوئے تھے اور شام 7 بجکر 35 منٹ پر پرواز متوقع تھی، مگر لانچ سے تقریباً آدھا گھنٹہ پہلے مشن روک دیا گیا۔

کمپنی کے مطابق گراؤنڈ سسٹم کی درستگی کے لیے مزید وقت درکار ہے، اور اب مشن کی اگلی کوشش 25 اگست کو کی جائے گی۔

اس تجرباتی مشن کا مقصد راکٹ کو خلیج میکسیکو میں اتارنے، اس کے نئے ہیٹ شیلڈ اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کی جانچ اور مستقبل کے مشنوں کے لیے تیاری تھا۔ اسپیس ایکس کی یہ کوشش مستقبل کے بڑے منصوبوں، خصوصاً چاند مشن، کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے۔

ناسا کی منصوبہ بندی ہے کہ 2027 تک اسی اسٹارشپ راکٹ کے ذریعے انسانوں کو دوبارہ چاند پر اتارا جائے۔

Leave a reply