
بہت سے اسمارٹ فون صارفین اس مسئلے کا سامنا کرتے ہیں کہ معمولی استعمال کے باوجود بیٹری تیزی سے خالی ہو جاتی ہے۔ تکنیکی ماہرین کے مطابق اس کی سب سے عام وجہ وہ ایپس ہوتی ہیں جو پسِ منظر میں مستقل طور پر چلتی رہتی ہیں اور فون کے وسائل استعمال کرتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں میں ایسی سیٹنگز موجود ہیں جن کے ذریعے یہ جاننا آسان ہے کہ کون سی ایپس غیر ضروری طور پر زیادہ بیٹری خرچ کر رہی ہیں۔
اینڈرائیڈ صارفین سیٹنگز میں جا کر بیٹری اور پھر بیٹری یوز ایج کے حصے میں ہر ایپ کا بیٹری استعمال چیک کر سکتے ہیں۔ اسی طرح آئی فون صارفین بھی سیٹنگز کے اندر موجود بیٹری سیکشن میں تفصیل دیکھ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا اور ویڈیو اسٹریمنگ جیسی ایپس—جیسے فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، اسنیپ چیٹ، گوگل میپس اور یوٹیوب—اکثر سب سے زیادہ بیٹری استعمال کرتی ہیں، کیونکہ یہ پسِ منظر میں انٹرنیٹ سے منسلک رہتی ہیں اور بار بار خود کو اپ ڈیٹ کرتی رہتی ہیں۔
بیٹری کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ غیر ضروری ایپس کی بیک گراؤنڈ پرمیشنز بند کی جائیں، جبکہ نوٹیفکیشنز کم سے کم رکھے جائیں۔ اس کے علاوہ ان ایپس کو صرف ضرورت پڑنے پر چلانا بیٹری لائف میں واضح بہتری لا سکتا ہے۔








