اسلام آباد کی کچہری کے باہر خودکش دھماکا، 12 افراد جاں بحق، 27 زخمی

0
159
اسلام آباد کی کچہری کے باہر خودکش دھماکا، 12 افراد جاں بحق، 27 زخمی

اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں واقع کچہری کے باہر زوردار دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔ دھماکا دوپہر تقریباً 12 بج کر 39 منٹ پر اس وقت ہوا جب عدالت کے باہر معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق 12 جاں بحق افراد کی لاشیں اور 27 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کچہری کے اندر داخل ہونا چاہتا تھا مگر ناکامی کے بعد اس نے پولیس کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق حملہ آور تقریباً 10 سے 12 منٹ تک جائے وقوعہ پر موجود رہا اور بعد ازاں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ تحقیقات کے دوران جائے وقوعہ سے خودکش بمبار کے جسم کے حصے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ ممکنہ طور پر افغانستان میں موجود ایک گروہ کی معاونت سے کیا گیا۔

واقعے کے بعد اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

Leave a reply