
اسلام آباد میں شہریوں کے لیے مفت انٹرنیٹ سہولیات کے فروغ کے منصوبے کے تحت دسمبر 2025 تک 30 مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس نصب کیے جائیں گے۔ یہ معلومات نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے فراہم کیں۔
این ٹی سی کے مطابق منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور مقررہ مدت تک تمام ہاٹ اسپاٹس عوام کے لیے فعال کر دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں ڈیجیٹل سہولیات کو مزید بہتر بنانا اور شہریوں، خاص طور پر طلبہ، کو تیز رفتار انٹرنیٹ تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت یہ وائی فائی پوائنٹس شہر کے اہم عوامی مقامات، مارکیٹوں اور سرکاری عمارتوں کے اطراف میں نصب کیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اسلام آباد کو ٹیکنالوجی دوست شہر بنانے میں مدد ملے گی۔
این ٹی سی کا کہنا ہے کہ ادارہ ملک بھر کے 100 سے زائد شہروں میں تین ہزار سے زیادہ سرکاری و نجی اداروں کو ٹیلی کام اور سائبر سیکیورٹی کی خدمات فراہم کر رہا ہے، جبکہ نئے اقدامات کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانا ہے۔









