اسسٹنٹ کمشنر پتوکی سیلابی علاقے کے دورے کے دوران انتقال کر گئے

پتوکی: پتوکی کے اسسٹنٹ کمشنر فرقان احمد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق فرقان احمد دریائے راوی کے مقام ہیڈ بلوکی پر سیلاب سے متاثرہ آبادی کا جائزہ لے رہے تھے کہ اس دوران انہیں دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق فرقان احمد کی میت اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ ان کی وفات پر سرکاری حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پنجاب بھر میں اس وقت سیلابی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں دریائے راوی سمیت دیگر بڑے دریاؤں میں طغیانی کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ مختلف حادثات میں اب تک 33 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔









