اسسٹنٹ کمشنرپتوکی فرقان احمدخان کواعلیٰ سول ایوارڈدینےکافیصلہ

پنجاب حکومت نے فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی، فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
فرقان احمد خان، جو کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے، مسلسل چار دن سے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کو خوراک، ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں مصروف رہے۔ اپنی طبیعت کی خرابی کے باوجود وہ سیلاب متاثرین کی خدمت میں پیش پیش رہے۔
ریلیف آپریشن کے دوران، جب وہ ہیڈ بلوکی کے مقام پر موجود تھے، انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرقان احمد خان نے فرض شناسی اور خدمتِ خلق کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ حکومت پنجاب نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد کی منظوری بھی دے دی ہے۔
فرقان احمد خان کو ایک سچا عوامی خدمت گزار اور حقیقی ہیرو قرار دیتے ہوئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔









