اسرائیل کی شمولیت پر آئس لینڈ کا یوروویژن 2026 سے دستبرداری کا اعلان

0
83
اسرائیل کی شمولیت پر آئس لینڈ کا یوروویژن 2026 سے دستبرداری کا اعلان

یورپی براڈکاسٹنگ یونین کی جانب سے اسرائیل کو یوروویژن 2026 میں شامل کرنے کے فیصلے کے بعد آئس لینڈ نے بھی مقابلے سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
آئس لینڈ کے سرکاری نشریاتی ادارے آر یو وی نے تصدیق کی ہے کہ ملک آئندہ یوروویژن گیت مقابلے میں حصہ نہیں لے گا۔

ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اسٹیفن ایریکسن کے مطابق اسرائیل کی شرکت پر آئس لینڈ میں شدید عوامی ردِعمل پایا جا رہا ہے، اور ایسی صورت میں مقابلے میں شریک ہونا ’’نہ خوشی کا باعث ہوگا اور نہ ہی لوگوں کے لیے قابلِ قبول‘‘۔

اس سے قبل اسپین، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور سلووینیا بھی اسرائیل کی شمولیت کے خلاف احتجاجاً یوروویژن 2026 سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ ان ممالک نے موقف اختیار کیا ہے کہ غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے اقدامات پر سنگین اعتراضات ہیں۔

آئس لینڈ ان ممالک میں شامل تھا جنہوں نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کی شمولیت پر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا تھا، مگر یورپی براڈکاسٹنگ یونین نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نئے قواعد کا مقصد حکومتی مداخلت سے بچنا ہے۔

یوروویژن گیت مقابلہ 1956 سے ہر سال منعقد ہوتا آ رہا ہے اور دنیا بھر میں تقریباً 160 ملین ناظرین اسے دیکھتے ہیں۔ آئس لینڈ ابھی تک یہ مقابلہ نہیں جیت سکا، تاہم 1999 اور 2009 میں دوسرے نمبر پر رہا تھا۔

Leave a reply