
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے امکانات نظر نہیں آتے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ ایسی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اپنی تقریر میں بیرسٹر گوہر نے حکومت اور ایوان کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، مگر اسے اتنے بڑھانا مناسب نہیں کہ ایوان کی ساکھ متاثر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں ایوان میں احتجاج ہوتے رہے ہیں، اسی لیے سیاسی مخالفین کو غدار قرار دینے کا رویہ درست نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومتی شخصیات ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگاتی رہی ہیں تو پھر صرف اختلاف رکھنے والے کو نشانہ بنانا اصولی بات نہیں۔ بیرسٹر گوہر نے ایوان کو مضبوط بنانے اور سیاسی دراڑیں کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔









