
بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے ایک نئے لگژری وسکی برانڈ ’گلن جرنیز‘ کا آغاز کیا ہے، جو خاص طور پر بھارتی صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس وسکی کی تیاری اسکاٹش ہائی لینڈز میں کی گئی ہے، اور یہ فی الحال مہاراشٹرا میں محدود اسٹورز پر دستیاب ہے۔
اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں لوگ ایسی وسکی کو ترجیح دیتے ہیں جو روایت اور جدت کا امتزاج ہو۔ ’گلن جرنیز‘ کو بھی اسی سوچ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگلے مرحلے میں اس برانڈ کو ہریانہ، اتر پردیش، گوا اور چندی گڑھ میں بھی متعارف کرایا جائے گا، اور بعد ازاں دیگر ریاستوں تک اس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ فلمی یا کھیلوں کی شخصیات نے شراب کی صنعت میں قدم رکھا ہو۔ اس سے قبل شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آرین خان نے اپنا برانڈ ’ڈی یاول‘ متعارف کرایا تھا، جس کی وسکی ’انسیپشن‘ کافی مقبول ہوئی۔ اسی طرح سنجے دت کا برانڈ ’دی گلنوک‘ اور کرکٹر یووراج سنگھ کا ٹیکیلا برانڈ ’فینو‘ بھی مارکیٹ میں موجود ہے۔
اداکار رنا دگگوبتی اور موسیقار انیرودھ روی چندر کا ٹیکیلا برانڈ ’لوکا کولا‘ بھی جلد بھارت میں دستیاب ہونے والا ہے۔