آزاد کشمیر میں بڑی سیاسی پیش رفت، پیپلز پارٹی نے حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد: آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ صدرِ مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔
ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قیادت نے موجودہ حکومت کے طرزِ عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متبادل سیاسی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا۔
اجلاس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔
اجلاس کے بعد پارٹی رہنما چوہدری یاسین نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں نئی حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ کر چکی ہے، جبکہ نئے وزیرِاعظم کے نام کا اعلان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود کریں گے۔
قمر زمان کائرہ کے مطابق پارٹی کے پاس ان ہاؤس تبدیلی کے لیے مطلوبہ اراکین کی حمایت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم کوئی قدم مشاورت کے بغیر نہیں اٹھائیں گے، سیاست میں وقت اور حکمت دونوں اہم ہوتے ہیں۔”
ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے دو ناموں پر غور جاری ہے، جن میں چوہدری لطیف اکبر اور چوہدری یاسین شامل ہیں۔ اگر موجودہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق مستعفی نہ ہوئے تو پیپلز پارٹی تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے تبدیلی لانے کے لیے تیار ہے۔
پارٹی رہنما سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ چونکہ ن لیگ وفاق میں حکومت کا حصہ ہے، اس لیے آزاد کشمیر کی کابینہ میں اس کی شمولیت پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پیپلز پارٹی کا یہ فیصلہ آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نئے مرحلے کی شروعات ہے، جس کے اثرات وفاقی سیاست پر بھی پڑ سکتے ہیں۔









