
ہاٹ لائن نیوز : آئینی ترمیم کی منظوری کےبعد وزیراعظم آف پاکستان شہباز شریف نے قومی اسمبلی سےخطاب کرتے ہوئےکہاہےکہ آج تاریخی دن ہے، الحمدللہ یہ نہ صرف ترمیم ہے بلکہ اتفاق و اتحاد کی مثال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلے کی حکومتوں کو گھر بھیج دیا گیا، ملک کو اربوں کا نقصان ہوا، کروڑوں لوگ انصاف کے لیے ترس رہے ہیں، اس ترمیم سے انصاف میں آسانی ہوگی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر 2006 میں لندن میں دستخط ہوئے تھے، میثاق جمہوریت پر نواز شریف اور بینظیر بھٹو نے دستخط کیے تھے۔ چارٹر آف ڈیموکریسی پر مولانا فضل الرحمان نے بھی دستخط کیے تھے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج حکومت، اتحادی جماعتوں، جے یو آئی اور آزاد ارکان نے ووٹ دیا، آج فیصلہ ہوا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، ہم پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے لیکن ان کا جواب دینے کا وقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت کا ادھورا خواب پورا ہو گیا، ماضی میں جو ہوا، اب کسی وزیراعظم کو گھر نہیں بھیجا جا سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو نے خلوص کے ساتھ بے پناہ کام کیا، مولانا فضل الرحمان کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، مولانا نے برہمی اور سخت دلائل کے بعد اہم کردار ادا کیا، کاش پی ٹی آئی بھی اس میں شامل ہوتی۔ تو بہت اچھا ہو گا، ملک کو پیغام ملا کہ پارلیمنٹ میں موجود فریقین نے ذاتی مفادات کی قربانی دی۔ تمام جماعتوں نے آگے بڑھ کر 26 ویں ترمیم منظور کی، جو پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔









