آئی سی سی کی کوششیں تیز، پاک بھارت میچ پر حکومت سے مشاورت کا فیصلہ

0
35
آئی سی سی کی کوششیں تیز، پاک بھارت میچ پر حکومت سے مشاورت کا فیصلہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کے لیے کوششیں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس سلسلے میں لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کے درمیان ایک طویل اجلاس منعقد ہوا جو تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملات، ممکنہ پاک بھارت میچ اور خطے میں کرکٹ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی سی سی کی درخواست کے تناظر میں پی سی بی نے معاملہ حکومت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت چیئرمین پی سی بی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنا مؤقف اور شرائط آئی سی سی کو پہلے ہی آگاہ کر چکا ہے۔
اس اجلاس میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شریک تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے بنگلہ دیش کو مستقبل میں ریونیو اور ایونٹس کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد امین الاسلام واپس بنگلہ دیش روانہ ہو گئے۔
مذاکرات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے خلاف کسی بھی میچ کا فیصلہ ریاستی پالیسی کے تحت ہی ممکن ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کو ایونٹس سے باہر کیے جانے کے باعث ہونے والے مالی اور انتظامی نقصان کی تلافی کو بھی ضروری قرار دیا۔
محسن نقوی کے مطابق پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر اصولی مؤقف اپنایا تھا اور اسی بنیاد پر بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا۔

Leave a reply