
کراچی: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد آج سے کراچی میں تکنیکی سطح کے مذاکرات کا آغاز کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی جانب سے طے کردہ 51 میں سے بیشتر شرائط پر عمل درآمد کیا جا چکا ہے، جس کے بعد یہ مذاکرات شروع ہو رہے ہیں۔
تکنیکی مذاکرات میں پاکستانی معیشت کی موجودہ صورتحال، اصلاحات پر عملدرآمد، اور آئندہ کے مالیاتی اہداف پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان مذاکرات کو رواں مالی سال کے لیے فنڈ کے ساتھ جاری پروگرام کے تحت اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
ادھر، نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کو آئی ایم ایف کے جائزے میں شامل کیا جائے۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اپنے اہداف اور وعدوں پر مسلسل پیش رفت کر رہا ہے۔









