کراچی: عمرہ ویزے پر اٹلی جانے کی کوشش ناکام، 5 افراد گرفتار

کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کے بہانے اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت راحید اللہ، عبدالحمید، عبدالشکور، اسماعیل اور احمد اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ تمام افراد بنوں، پشاور، خیبر اور مہمند کے علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان سعودی عرب سے ایجنٹوں کے ذریعے غیرقانونی طور پر مصر، لیبیا اور وہاں سے سمندری راستے سے اٹلی جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اٹلی پہنچانے کے لیے ان افراد نے ایجنٹوں کے ساتھ فی کس 45 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا تھا، جن میں سے 15 لاکھ روپے لیبیا پہنچنے پر ادا کیے جانے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پی آئی اے کی فلائٹ پی اے 170 سے عمرہ ویزے پر جدہ روانہ ہونے والے تھے، تاہم کلیئرنس کے دوران مشکوک پائے جانے پر انہیں آف لوڈ کردیا گیا۔
گرفتار افراد کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کردیا گیا ہے۔








