
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے بسنت 2026 کے انعقاد کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ضلع لاہور میں بسنت صرف 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو منائی جائے گی۔
انتظامیہ نے پتنگ بازی کو سخت حفاظتی ضوابط کے تحت محدود اجازت دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگ بازی کے سامان کی تیاری، ترسیل اور ذخیرہ کرنے کی اجازت 30 دسمبر سے 8 فروری تک ہوگی۔
پتنگ اور ڈور کی آن لائن رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ مینوفیکچررز اور ٹریڈرز کی رجسٹریشن 9 دسمبر سے ای بز ایپلیکیشن کے ذریعے شروع ہوگی۔ تمام رجسٹرڈ تاجروں کو اپنے کاروباری مراکز پر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نمایاں طور پر آویزاں کرنا ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق پتنگوں کے اسٹاک، فروخت اور ترسیل کا مکمل ریکارڈ رکھنا لازم ہوگا۔ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کریں گی۔ شہریوں کو پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری تک دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں پتنگ اور گڈے کے سائز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ پتنگ کی زیادہ سے زیادہ چوڑائی 35 انچ اور لمبائی 30 انچ جبکہ گڈے کی چوڑائی 40 انچ اور لمبائی 34 انچ مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ حد سے بڑے سائز کی پتنگوں پر پابندی ہوگی۔
کیمیکل ڈور اور چرخیوں کی فروخت مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے۔ ڈور صرف کاٹن سے تیار شدہ ہوگی اور اس پر 30 سے 35 ماشے شیشے کے مانجے کی اجازت ہوگی۔ ڈور صرف پنا کی صورت میں فروخت کی جا سکے گی، جبکہ چرخی کے استعمال پر سخت پابندی عائد ہوگی۔ خونی ڈور، نائلون، پلاسٹک اور تیز مانجے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بسنت کے دوران لاہور میں چلنے والی تمام موٹرسائیکلز پر حفاظتی تار لگوانا لازمی ہوگا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور قوانین کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ممنوعہ ڈور کے استعمال سے دور رکھیں۔
انتظامیہ کے مطابق قانون پر عمل کرنے والے شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









