فن لینڈ پاکستان میں اپنا سفارت خانہ بند کردے گا ، وجہ کیا بنی؟

0
113
فن لینڈ پاکستان میں اپنا سفارت خانہ بند کردے گا ، وجہ کیا بنی؟

ہلسنکی: فن لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 تک پاکستان میں موجود اپنا سفارت خانہ بند کر دے گا۔ یہ فیصلہ فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق فن لینڈ اپنی سفارتی حکمتِ عملی کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر اپنے وسائل کو زیادہ مؤثر اور اہم ممالک میں مرکوز کیا جا سکے۔ اسی سلسلے میں نہ صرف اسلام آباد، بلکہ کابل اور یانگون میں موجود فن لینڈ کے سفارت خانے بھی بند کیے جائیں گے۔

وزارتِ خارجہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ فیصلہ مختلف عوامل کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جن میں متعلقہ ممالک کی سیاسی صورتحال میں تبدیلیاں اور فن لینڈ کے ساتھ محدود تجارتی تعلقات شامل ہیں۔

فن لینڈ کی وزیرِ خارجہ ایلینا والٹونن نے کہا کہ عالمی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اور فن لینڈ کو اپنی سفارتی موجودگی کو بھی اس کے مطابق اپ ڈیٹ کرنا ہوگا تاکہ عالمی سطح پر مسابقت برقرار رکھی جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فن لینڈ نے اس سال امریکہ میں ہیوسٹن میں قونصل جنرل کا دفتر قائم کیا ہے، جہاں توانائی، ٹیکنالوجی اور تجارتی سرگرمیوں پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کچھ ممالک میں نئے کمرشل آفسز بھی کھولے جائیں گے، جو پہلے ’بزنس فن لینڈ‘ کے تحت کام کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ فن لینڈ نے مالی وجوہات کی بنا پر 2012 میں پاکستان میں اپنا سفارت خانہ بند کیا تھا، مگر 2022 میں اسے دوبارہ کھولا گیا۔ اب ایک دہائی بعد دوبارہ پاکستان میں سفارتی موجودگی ختم ہونے جا رہی ہے۔

فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ کے مطابق سفارت خانوں کی بندش کا حتمی فیصلہ صدر کے دستخط کے بعد نافذ العمل ہوگا، جس کے بعد فن لینڈ کی عالمی سفارتی حکمتِ عملی ایک نئے دور میں داخل ہو جائے گی۔

Leave a reply