شہری کے بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے غائب ،ڈپلیکیٹ سم کے ذریعے بڑا مالی فراڈ

0
169
شہری کے بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے غائب ،ڈپلیکیٹ سم کے ذریعے بڑا مالی فراڈ

کراچی میں ایک شہری کے ساتھ بڑا مالی فراڈ سامنے آیا ہے، جہاں جعل سازوں نے شہری کے نام پر ڈپلیکیٹ سم جاری کروا کر اس کے بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے اڑا لیے۔

متاثرہ شہری، سنی کمار، نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو شکایت درج کروائی، جس کے بعد انکوائری کا آغاز کیا گیا۔ شہری کے مطابق 29 ستمبر 2025 کی شام اچانک اس کا سم کارڈ بند ہو گیا۔ اگلے روز جب وہ کراچی میں متعلقہ موبائل کمپنی کے بزنس سینٹر پہنچا تو اسے بتایا گیا کہ اس کے نام پر بغیر بائیو میٹرک تصدیق کے حیدرآباد میں ڈپلیکیٹ سم جاری کی گئی ہے۔

یہی سم اس کے بینک اکاؤنٹ سے منسلک تھی۔ بعد ازاں جب شہری نے اپنا اکاؤنٹ چیک کیا تو پتا چلا کہ ایک ہی رات میں 100 سے زائد ٹرانزیکشنز کے ذریعے 85 لاکھ روپے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کیے جا چکے ہیں۔

تحقیقات کے دوران NCCIA نے بینک اور موبائل کمپنی سے ریکارڈ طلب کیا، تاہم دونوں اداروں نے مکمل معلومات فراہم نہیں کیں۔ بینک کی جانب سے صرف جزوی ریکارڈ پیش کیا گیا، جب کہ موبائل کمپنی کی جانب سے بھی مبہم جوابات دیے گئے۔

تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ڈپلیکیٹ سم جاری کرنے میں مجرمانہ غفلت برتی گئی، جس کے نتیجے میں شہری کے ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کی گئی۔ مزید یہ کہ بینک کی جانب سے غیر معمولی ٹرانزیکشنز کے باوجود حفاظتی اقدامات اور تصدیقی الرٹس کو نظرانداز کیا گیا۔

ابتدائی شواہد کے مطابق یہ واقعہ سم سویپنگ پر مبنی ایک منصوبہ بند سائبر فنانشل فراڈ ہے۔ NCCIA نے دونوں اداروں سے تفصیلی ریکارڈ اور وضاحت طلب کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Leave a reply