
اسلام آباد: اٹلی نے پاکستان کے لیے آئندہ تین سال کے دوران روزگار کے ہزاروں مواقع مختص کر دیے ہیں۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان کے مطابق، پاکستان کو اٹلی سے مجموعی طور پر ساڑھے 10 ہزار نوکریوں کا کوٹہ ملا ہے، جس کے بعد اٹلی یورپ میں پہلا ملک بن گیا ہے جس نے پاکستانیوں کے لیے نوکریوں میں کوٹہ مختص کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہر سال 3,500 پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل کوٹہ کے تحت اٹلی جا سکیں گے۔ ان میں 1,500 سیزنل اور 2,000 نان سیزنل ملازمین شامل ہوں گے۔ یہ نوکریاں شپ بریکنگ، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں فراہم کی جائیں گی۔
مزید برآں، پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند کارکنان بھی مختلف شعبوں میں کام کے مواقع حاصل کر سکیں گے، جن میں ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز اور ہاؤس کیپنگ شامل ہیں۔ نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور زراعت کے شعبوں میں بھی روزگار کے مواقع موجود ہیں۔
وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین نے اس موقع پر کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنا ایک اہم سنگِ میل ہے اور یہ یورپ میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھولے گا۔ وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں ملک کی معیشت اور عزت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔








