22

90فیصد سے زائد ریونیو دینے والے شہر کو پیپلز پارٹی نے تباہ کردیا، حافظ نعیم

کراچی(ہاٹ لائن نیوز )تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہر کی ابتر صورت حال اور عوام کو درپیش مسائل پر ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا اعلان تو ہوگیا، لیکن ہم الیکشن کمیشن کی جانب سے انتظامات کرنے کے منتظر ہیں۔ اگر کرپشن دیکھنا الیکشن کمیشن کا کام نہیں ہے تو کم از کم الیکشن کمیشن یہ تو دیکھ لے کہ نئی اسکیمیں کیوں آ رہی ہیں۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جب الیکشن قریب آتے ہیں تو ہر جماعت کام کرنا شروع ہوجاتی ہے۔ پچھلے تین چار برس سے سیاسی بنیادوں پر تعیناتیاں ہورہی ہیں۔ ایسی صورتحال میں حکومت اپنا اثرورسوخ استعمال کرے گی۔شہر میں مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ سڑکوں کی استرکاری برسات کے کئی ماہ بعد بھی جاری ہے جب کہ اس دوران جو کام کیا جارہا ہے وہ ناکافی اور غیر معیاری ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ماس ٹرانسپورٹیشن پر جو کام کراچی میں کیا جارہا ہے وہ بہت کم ہے۔ نہ جانے حکومت کے کمپنیوں کے ساتھ کیا معاہدے ہیں؟۔ اورنج لائن کے 2اسٹاپ کے لیے عوام بھاری کرایہ کیوں دیں؟ اس حکومت نے اورنج لائن سروس کو تباہ کردیا۔ گرین لائن نہ ن لیگ نے بنائی اور نہ ہی پی ٹی آئی نے مکمل کیا۔ عمران خان نے ادھورے منصوبے کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے کے تحت پورا یونیورسٹی روڈ توڑ دیا گیا ہے۔ سڑک کی جگہ کم کر کے بیچ میں ریڈ لائن بنائی جارہی ہے۔ سیکڑوں گاڑیوں کو یونیورسٹی روڈ سے روزانہ گزرنا ہوتا ہے، نہ جانے کتنے برس تک اس روڈ پر اب مسافر رلتے رہیں گے۔ 90 فیصد سے زائد ریونیو دینے والے شہر کو اس حکومت نے تباہ کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں