ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج، نیوی کی درخواست پر بینچ تشکیل

(ہاٹ لائن نیوز)نیوی سیلنگ کلب گرانے اور پاکستان نیول فارمز کی اراضی تحویل میں لینے کے فیصلے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیئے گئے، نیول گالف کورس کو سی ڈی اے کی تحویل میں دینے کا فیصلہ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، پاکستان نیوی کی جانب سے انٹراکورٹ اپیلوں پر آج ہی سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

پاکستان نیوی نے دو انٹرا کورٹ اپیلوں میں سنگل بینچ کے الگ الگ فیصلوں کو چیلنج کیا ہے، انٹراکورٹ اپیل میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ کے 7 اور 11 جنوری کے عدالتی فیصلوں کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی اور آج ہی انٹراکورٹ اپیلوں سماعت کے لیے بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔

درخواست کے بعد سیلنگ کلب کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسپیشل بینچ تشکیل دے دیا، اسپیشل بینچ جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ہے جو پاکستان نیوی کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کچھ دیر میں کرے گا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے 7 جنوری کو نیوی سیلنگ کلب کو 3 ہفتوں میں گرانے کا حکم دیا تھا، عدالت نے پاکستان نیول فارمز کے لیے جاری کیے گئے این او سی کو بھی غیر قانونی قرار دیا تھا ، عدالت نے نیول فارمز کی اراضی کو اتھارٹی کی تحویل میں دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔


Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (0) in /home/hotlinenews/public_html/wp-includes/functions.php on line 5107