8

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزرا کی ملاقات

(ہاٹ لائن نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے حکومتی اور سیاسی قیادت مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے،،،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی کی خود نگرانی کریں گے،وزیراعظم نے پانی کے معاملے پر سندھ کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار بھی کیا.

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزرا نے ملاقات کی،ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری کیلئے پنجاب کی قیادت کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ وہ خود بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات کی تیاری کیلئے حکومتی اور سیاسی قیادت مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے،جبکہ پنجاب کی اعلی قیادت سینئر رہنماؤں اور ورکرز سے بھی مشاورت کرے.عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیرآبپاشی محسن لغاری نے پانی کی تقسیم پر وزیراعظم کو بریفننگ دی،وزیراعظم نے سوال کیا کہ سندھ اور پنجاب کی مشترکہ مانیٹرنگ کا معاملہ کہاں تک پہنچا،جس پر محسن لغاری نے بتایا پنجاب نے سندھ کی ٹیم کو تونسہ بیراج پر مانیٹرنگ کرادی تھی مگر سندھ نے گدو بیراج سے پنجاب کو مانیٹرنگ کی اجازت نہیں دی،جس پر وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں