54

رواں برس پاکستان میں کاروں کی پیداوار میں کتنا اضافہ ہوا؟ رپورٹ جاری

اسلام آباد(ہاٹ لائن نیوز) وفاقی ادارہ شماریات سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق موجودہ مالی سال آٹو موبائل سیکٹر کی پیداوار میں 38 فیصد اضافہ ہوا، کاروں اور جیپوں کی پیداوار بھی 76 فیصد اضافے سے 73 ہزار یونٹس سے تجاوز کرگئی۔

مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران گاڑیوں فارماسوٹیکل، لوہے، اسٹیل اور لیدر سمیت بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح فارما سوٹیکلز، لوہے، اسٹیل سمیت گیارہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا جبکہ موٹر سائیکلز کی پیداوار میں کمی اور بسوں کی پیداوار برقرار رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق ٹریکٹرز کی پیداوار چودہ فیصد اضافے سے سترہ ہزار 427 یونٹس ریکارڈ کی گئی جبکہ چھیاسی فیصد اضافے سے ٹرکوں کی پیداوار کا حجم 1956 یونٹس رہا اور لائٹ کمرشل گاڑیوں کی پیداوار ستاسی فیصد اضافے سے نو ہزار 244 یونٹس رہی۔

علاوہ ازیں چار ماہ میں کھاد، الیکٹرانکس اور ربڑ مصنوعات سمیت چار صنعتوں کی پیداوار میں کمی آئی۔

ماہانہ بنیاد پر اکتوبر 2021 میں ستمبر کے مقابلےمجموعی صنعتی پیداوار 1.86 فیصد بڑھی لیکن گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 1.19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں