چوروں کے علاوہ ہر ایک سے بات چیت کے لیے تیار ہوں،وزیر اعظم کا دو ٹوک اعلان

میانوالی(ہاٹ لائن نیوز ) وزیراعظم نے کہا ہے کہ امن کیلئے سب کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار ہیں، کرپٹ لوگوں کے علاوہ سب کے ساتھ مفاہمت کیلئے تیار ہیں، حکومت ان کو این آر او نہیں دے گی، جو قوم بڑے ڈاکوؤں سے ڈیل کرتی ہے وہ تباہ ہوجاتی ہے۔

میانوالی میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا سارا زور تعلیم پر ہے، خواتین کے لیے تعلیم بہتر کرنا ہے، نمل یونیورسٹی اقتدار میں آکر نہیں بنائی بلکہ یہ میں نے خود پیسے اکٹھے کرکے بنائی، جب ہمارے پانچ سال پورے ہوں گے تو سب سے زیادہ ترقی پسماندہ علاقوں میں ہوگی۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی کے کارکنوں کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، میانوالی کے لوگوں کی وجہ سے آج وزیراعظم ہوں، میانوالی میں 5 سال کے دوران ریکارڈ ترقی ہوگی، آپ میرے ساتھ اس وقت چلے جب کوئی نہیں تھا، میانوالی کے لوگوں کی خدمت کر کے احسان کا بدلہ چکاؤں گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے، کورونا کی وجہ سے دنیا میں کاروبار بند ہوگئے، کورونا کی وجہ سے تجارت بند ہوئی، اشیا کی قلت ہوگئی، امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، پاکستان ابھی بھی سب سے سستا ملک ہے، 3، 4 ماہ بعد پوری دنیا میں قیمتیں نیچے آجائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم 50 ہزار سےکم آمدن والے لوگوں کو راشن پر 30 فیصد تک رعایت دے رہے ہیں جبکہ غریب گھرانوں کو 5 لاکھ روپے بلا سود قرضے فراہم کریں گے۔ مارچ تک سارے پنجاب کے میں ہیلتھ کارڈ آ جائے گا جس کے ذریعے سے پاکستان میں کہیں بھی 10 لاکھ روپے تک فری علاج کی سہولت حاصل کی جا سکے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم آزاد ہو کر بھی آزاد فیصلے نہیں کر سکتے تھے لیکن میرا وعدہ ہے کہ پاکستان کو ایسا خود مختار ملک بنائیں گے جہاں عوام اپنے فیصلے خود کریں گے۔


Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (0) in /home/hotlinenews/public_html/wp-includes/functions.php on line 5107