20

کراچی والوں کے لیے بڑی خوشخبری!وزیر اعظم آج گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے

کراچی(ہاٹ لائن نیوز) وزیراعظم عمران خان آج گرین لائن بس سروس کا افتتاح کریں گے۔ پینتیس ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے منصوبے کا پہلا فیز سترہ کلومیٹر طویل ہے، جس میں بائیس اسٹیشنز ہیں.

شہریوں کیلئے منصوبے کا باقاعدہ آغاز پچیس دسمبر سے ہوگا۔ پندرہ دن ٹیسٹ رن جاری رہیں گے۔ گرین لائن کا کرایہ پندرہ روپے سے پچپن روپے تک ہوگا۔ پچیس دسمبر سے کمرشل آپریشنز بھی محدود اسٹیشنز پر شروع کیے جائیں گے۔ گیارہ جنوری تک بائیس اسٹیشنز پر بسیں دوڑیں گی۔ مسافر موبائل ایپلیکیشن، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز سے بھی ٹکٹ لے سکیں گے۔

کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق کراچی کی بسیں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں چلنے والی بسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جدید ہیں۔

یہ بسیں یورو تھری معیار کی اور ہائبرڈ ہیں، ان میں ڈیزل کے ساتھ خودکار طریقے سے چارج ہونے والی بیٹری بھی استعمال ہوگی جس سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ماحول کو بھی فائدہ ہوگا۔ بسوں میں خصوصی سسٹم نصب ہے جو انجن میں آگ لگنے کی صورت میں خودکار طریقے سے آگ بجھائے گا۔

81 میٹر لمبی بسوں میں چالیس نشستیں ہیں۔ کھڑے ہو کر اور نشستوں پر بیک وقت ایک سو پچاس افراد سفر کرسکیں گے، زیادہ رش کی صورت میں ایک سو نوے مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ بسوں میں معذور افراد کے لیے جگہ خصوصی ہے اور خودکار ریمپ نصب ہے۔ ہر بس میں دو وہیل چیئرز کی جگہ مخصوص ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں