21

’’بلدیاتی بل واپس نہ لیا تو مراد علی شاہ کو اٹھا کر۔۔۔‘‘ وزیر اعلیٰ سندھ کو وارننگ دے دی گئی

حیدرآباد (ہاٹ لائن نیوز) سندھ میں نئے بلدیاتی بل کی منظوری کے خلاف تحریک انصاف نے حیدرآباد پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں خواتین سمیت عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی، حلیم عادل شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری بڑی بگلیں بجارہے ہیں کہ انہوں نے این اے ایک سو تینتیس کے ضمنی ا نتخاب میں تیس ہزار ووٹ لئے ہیں، اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ہم میدان میں نہیں تھے، اس سے پہلے ہم نے ستر ہزار ووٹ لئے تھے ، ہم آتے تو ان کے ہوش اڑ جاتے۔

تحریک انصاف کے رہنماءاور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ نوٹوں کے سوداگر سندھ کے بلدیاتی نظام پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل واپس نہ لیا گیا تو وزیراعلیٰ ہاوس پر دھرنا دیں گے اور مراد علی شاہ کو باہر نکال دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل چوروں کی طرح اسمبلی میں لائے اور اس کا ایجنڈا بھی اجلاس سے قبل تک نہیں دیا گیا جبکہ ایجنڈا ایک روز پہلے دیا جاتا ہے ، یہ بل ہمیں پڑھنے بھی نہیں دیا گیا اور پاس کردیا گیا،اس حکومت نے دو ہزار تیرہءمیں ایکٹ پاس کیا ، میئر کا اختیار، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اختیا ربھی چھین لیا گیا، اب حالت یہ ہے کہ میئر بننے کے لئے کسی کو بھی کھڑا کرسکتے ہیں ووٹ لینا ضروری نہیں بس جیب میں نوٹ ہونے چاہئیں، خفیہ رائے شماری کردی گئی ہے جس کی جیب میں نوٹ ہوں گے وہ ووٹ خرید سکے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ ہماری نہیں سندھ کی جنگ ہے، انہوں نے جیب کاٹ لی ہے اور پتہ بھی نہیں چلا ہے ، سندھ والے جاگیں اور ان ڈاکووں کے خلاف میدان میں نکلیں، ہم انہیں سندھ کے کونے کونے سے بھگا کر دم لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں