معاشی اعشاریئے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم! وزیر اعظم نے قوم کو تسلی کرا دی

اسلام آباد(ہاٹ لائن نیوز) عمران خان نے اسلام آباد میں میکرو اکنامک مشاورتی گروپ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو موجودہ ملکی معاشی و اقتصادی صورتحال، میکرواکنامک اعشاریوں میں بتدریج بہتری، ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود معاشی ترقی کی شرح کو بڑھانے اور پائیدار بنانے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح میں پچھلے سال کی نسبت ایک فی صد مزید اضافے کا امکان ہے، ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی بدولت گردشی قرضوں میں کمی واقع ہوئی ہے، ریونیو میں 35 فی صد اضافہ، جس میں صرف ٹیکس کی مد میں ہی 32 فی صد اضافہ، برآمدات میں اضافہ، بڑے پیمانے کی صنعت کی پیداور اور ویلیو ایڈیشن میں اضافہ خوش آئند ہے۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں متوقع کمی کی وجہ سے عوام تک ریلیف پہنچانے میں معاونت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے معاشی مشاورتی گروپ کے اراکین کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور معاشی ریلیف کو عوام تک جلد پہنچانے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔


Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (0) in /home/hotlinenews/public_html/wp-includes/functions.php on line 5107