رانا شمیم سمیت سب کا بچنا مشکل! اسلام‌آباد ہائیکورٹ نے بڑا حکم جاری کر دیا

اسلام آباد(ہاٹ لائن نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم کو تیرہ دسمبر تک اصل بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اصل بیان حلفی جمع نہ ہوا تو رانا شمیم پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد ہوگی۔

سلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیان حلفی کی خبر پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی تو رانا شمیم ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ عدالتی معاون فیصل صدیقی نے کہا کہ یہ پرائیویٹ ڈاکومنٹ تھا ، انہوں نے شائع کرنے کے لیے نہیں رکھا تھا ، رانا شمیم کا کہنا ہے کہ پبلش ہونے کے بعد مجھ سے رابطہ کیاگیا، جبکہ خبر دینے والے صحافی کا کہنا ہے کہ اس نے خبر شائع ہونے سے پہلے رابطہ کیا تھا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا ریما عمر آئی ہیں ؟۔ وکیل نے جواب دیا کہ ریما عمر نہیں آئی لیکن اس نے اپنا بریف عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک بیانیہ بننا شروع ہو گیا تھا کہ ایک خاص آدمی کو الیکشن سے پہلے ضمانت نہیں دی جائے گی کیونکہ ججز دباؤ میں ہیں ، سابق جج رانا شمیم نے تین سال بعد بیان حلفی دیا اور جس جج کا کہا وہ اس دوران چھٹی پر تھا، اس دوران جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب موجود تھے، دو ہفتے کے بعد ایک اور بنچ جس میں میں موجود تھا ، اس نے ریلیف بھی دیا.

عدالت نے رانا شمیم سے استفسار کیا کہ آپ نے اپنا جواب جمع کرایا ہے ؟ اس پر سابق جج رانا شمیم نے عدالت کو بتایا کہ میں نے چار دن پہلے جواب دے دیا تھا، وہ جواب عدالت میں میرے وکیل کو جمع کرانا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ اصل بیان حلفی کدھر ہے؟۔ رانا شمیم کے وکیل لطیف آفریدی نے جواب دیا کہ بیان حلفی برطانیہ میں ان کے پوتے کے پاس ہے، لیکن میرے کلائنٹ کا اپنے پوتے سے رابطہ نہیں ہو پارہا۔
لطیف آفریدی نے کہا کہ رانا شمیم نے بیان حلفی سے انکار نہیں کیا، تاہم انہوں نے بیان حلفی شائع ہونے کے لیے نہیں دیا، رانا شمیم کے بیٹے کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

عدالت نے کہا کہ برطانیہ میں کون اسے ہراساں کر سکتا ہے؟۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ینگ مین کو یوکے میں کس نے ہراساں کیا ہے؟ کون ان کو ہراساں کر رہا ہے، یہ اب انہیں بتانا ہو گا کہ پاکستان سے باہر انہیں کون ہراساں کر رہا؟ انہیں بیان حلفی پاکستانی سفارتخانے کو دینا تھا، اصل بیان حلفی کہاں ہے ، آج سماعت میں بیان حلفی نا ہونے کا تاثر ابھرا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ پیر کے روز تک رانا شمیم ہر صورت بیان حلفی جمع کرائیں۔ جس پر وکیل نے کہا کہ پیر کے روز تک ممکن نہیں ہوگا، مزید وقت دیں۔ اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اگر پیر کے روز تک بیان حلفی جمع نہ ہوا تو فرد جرم عائد کر دیں گے۔


Notice: ob_end_flush(): failed to send buffer of zlib output compression (0) in /home/hotlinenews/public_html/wp-includes/functions.php on line 5107