
ہاٹ لائن نیوز : آسٹریلوی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی میٹ ڈاسن نے پیرس اولمپکس 2024 میں شرکت کے لیے اپنی انگلی کا ایک حصہ کٹوا لیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پیرس اولمپکس کے آغاز سے 2 ہفتے قبل پرتھ میں ٹریننگ کے دوران میٹ ڈاسن کی دائیں انگلی بری طرح زخمی ہوگئی تھی۔ ڈاسن کو ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ سرجری کے بعد ان کی انگلی ٹھیک ہونے میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔
تاہم، 30 سالہ ڈاسن نے تیسری بار اولمپکس میں حصہ لینے کے لیے اپنی زخمی انگلی کے اوپری حصے کو کاٹنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی کھلاڑی کے اس فیصلے نے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچ کو بھی حیران کردیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاسن کا کہنا تھا کہ وہ چینجنگ روم میں اپنی زخمی انگلی کو دیکھ کر پریشان ہو گئے، یہ سوچ کر کہ ان کا اولمپکس میں حصہ لینے کا خواب ایک بار پھر ختم ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فوری طور پر ایک پلاسٹک سرجن سے مشورہ کیا جس نے کہا کہ سرجری کے باوجود انگلی کو ٹھیک ہونے میں کافی وقت لگے گا لیکن اگر اسے کاٹا جاتا ہے تو وہ 10 دن میں دوبارہ میدان میں آ سکتےہیں۔