
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ گٹر کے ڈھکن چوری کرنے، خریدنے یا فروخت کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پنجاب میں ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو ایک سے دس سال تک قید اور بھاری جرمانے کی سزا دی جائے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اگر کسی کی جان گٹر یا سیوریج میں گرنے کی وجہ سے ضائع ہوئی تو ذمہ داروں پر لاکھوں روپے جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
ان کے بیان سے قبل لاہور میں بھاٹی گیٹ کے نزدیک داتا دربار کے قریب ایک خاتون اپنی 10 ماہ کی بچی کے ساتھ سیوریج میں گر گئی تھی، جنہیں کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد ریسکیو کیا گیا۔ اسی طرح سرگودھا میں بھی ایک بچی سیوریج نالے میں گر گئی تھی، لیکن بروقت مدد کے نتیجے میں وہ محفوظ والدین کے حوالے کر دی گئی۔








