ہاٹ لائن نیوز : لاہور کے گنگا رام ہسپتال کے سی ٹی سکین اور ایم آر آئی سیکشن سے تعمیراتی کام کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی بیٹریاں چوری کر لی گئیں۔
ہسپتال انتظامیہ نے 44 بیٹریاں چوری ہونے کی ایف آئی آر تھانہ سول لائنز میں درج کرادی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ قیمتی بیٹریاں ٹھیکیدار اور اس کے کارکنوں نے چوری کیں ، ملزمان نے لاکھوں روپے مالیت کی بجلی کی تاریں اور دیگر سامان بھی چوری کیا۔
ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کے بجائے پولیس نے اسپتال کے عملے کو حراست میں لے لیا۔ جس پر ہسپتال انتظامیہ نے واقعہ پر سی سی پی او لاہور کو احتجاجی مراسلہ ارسال کر دیا۔
احتجاجی مراسلے میں کہا گیا کہ پولیس نے انتظامیہ کو بتائے بغیر ڈیوٹی پر موجود ملازمین کو حراست میں لیا، مزید کارروائی کرنے سے قبل انتظامیہ کو اعتماد میں لینا لازم ہے۔