گستاخ گیرٹ وائلڈرز کو دھمکی دینے پر سابق کرکٹر کو سزا
ہالینڈ : ( ہاٹ لائن نیوز ) ہالینڈ کی عدالت نے سابق پاکستانی کرکٹر خالد لطیف کو عوام کو گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر اکسانے کے الزام میں 12 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق 37 سالہ خالد لطیف نے آن لائن ویڈیو پیغام میں گیرٹ وائلڈرز کے سر کی قیمت 21 ہزار یورو مقرر کی تھی۔
پریزائیڈنگ جج جی وربیک نے عدالت کو یہ بتایا کہ ’اس بات کو سوچنا غلط نہیں کہ دنیا بھر میں کوئی بھی شخص گیرٹ وائلڈرز کو قتل کرنے کی ترغیب پر دھیان دے سکتا تھا۔ ملزم کو معلوم تھا اور انکے اس اقدام نے وائلڈرز کو قتل کرنے کی آگ کو مزید ہوا دی تھی ۔
اس بات کا امکان بہت زیادہ کم ہے کہ سابق کرکٹر خالد لطیف یہ سزا کاٹیں گے۔ ہالینڈ کے حکام خالد لطیف سے پوچھ گچھ کرنا چاہتے تھے مگر اس ضمن میں انکی کوشش کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ۔ ہالینڈ حکام نے پاکستان سے قانونی معاونت کی درخواست بھی کی تھی لیکن اس کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہو سکا ۔
یاد رہے کہ گیرٹ وائلڈرز نے توہین آمیز کارٹون بنانے کا مقابلہ کروانے کی کوشش کی تھی لیکن پاکستان میں شدید احتجاج کے بعد اسے یہ ارادہ ملتوی کرنا پڑا تھا ۔