
ہاٹ لائن نیوز : بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ ڈیڑھ دن میں ختم ہو گیا جس کے بعد اس میچ نے تاریخ کے مختصر ترین ٹیسٹ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
کیپ ٹاؤن میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل فریڈم ٹرافی کا دوسرا ٹیسٹ میچ صرف 107 اوورز میں ختم ہو گیا، میچ کا فیصلہ مجموعی طور پر 642 گیندوں پر ہوا، جس کے بعد یہ میچ تاریخ کا مختصر ترین میچ بن گیا۔
پہلی اننگز میں 55 رنز پر ڈھیر ہونے والی جنوبی افریقی ٹیم دوسری اننگز میں 176 رنز بنانے میں کامیاب رہی جب کہ پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہونے والی بھارت کو صرف 79 رنز کا ہدف دیا گیا۔ جو اس نے باآسانی 3 وکٹوں سے حاصل کر لیا۔
بھارت نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر 2 میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی، اس سے قبل جنوبی افریقہ نے سنچورین میں پہلا ٹیسٹ 32 رنز سے جیتا تھا۔