سابق وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ ایک مستند جھوٹی اور عدالت سے سزایافتہ مجرمہ ریاست کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش کرے گی اور اس کے بھاشن سنے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لب کشائی سے قبل محترمہ گریبان میں ہی جھانک لیا کریں تو شاید کچھ حیا آجائے، عمران خان کو اسی عدالت نے صادق و امین قرار دیا جس نے آپ اور آپ کے بھگوڑے والد کے جھوٹوں کا پردہ چاک کرتے ہوئے سارے ٹبر کی چوری پکڑی۔
شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کے جوھری اثاثے کیلبری فونٹ یا قطری کے خطوط نہیں جن پر قوم آپ کے خیالات کی منتظر رہے، کسی درجے کی شرم باقی ہو تو آپ اپنی زبان سےعمران خان کا نام بھی نہ لیں، وہ 22 کروڑ پاکستانیوں کے ووٹ کی پرچی سے منتخب وزیراعظم تھے۔ سابق وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ چپڑاسیوں کےسرغنہ آپکے چچازاد کو آئین وقانون روند کر دھونس سے پنجاب پر مسلط کیا گیا، رہ گئی بات ایٹمی دھماکوں کی تو آپکے بزدل والد سے جس طرح کروائے گئے وہ قوم جانتی ہے۔
شیریں مزاری نے کہا ہے کہ جھوٹی خاتون بھاشن جھاڑنے کے بجائےاپنی اوراپنے کرپٹ والد کی لوٹ مار کا حساب عدالتوں کو دیں، امریکی سازش کا پردہ چاک ہونے کے بعد قوم کپتان کے ساتھ کھڑی ہے اور آپکے چچا+انکے ساتھی میرجعفروں کا اقتدار ڈوب رہا ہے، قوم اپنی آزادی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے یکسو ہے اور چوروں کو کسی طور گوارا کرنے کو تیارنہیں۔
