ہاٹ لائن نیوز : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے سائفر کیس میں زیر حراست اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم کو بچانے کے لیے برطانیہ کی عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ جیل میں میڈیا کا ہونا ضروری تھا لیکن میڈیا کو اندر نہیں جانے دیا گیا، ہمیں کہا جا رہا ہے کہ کیس کو عالمی عدالتوں میں لے جائیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہم سب کو یقین تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی جائے گی، پی ٹی آئی کے بانی کو بھی ذوالفقار علی بھٹو کے راستے پر لے جایا جا رہا ہے، عمران خان کا کیس کتنی تیزی سے لے جایا جا رہا ہے۔ اس سماعت سے بڑا مذاق کوئی نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے سلیمان، قاسم اور اہلخانہ برطانیہ میں مقدمہ دائر کریں گے۔ ہمیں افسوس ہے کہ ہم عالمی عدالتوں میں جا رہے ہیں لیکن ہم بانی پی ٹی آئی کو پھندے سے بچائیں گے ، ہم قانون کے دائرے میں رہیں گے اور بانی پی ٹی آئی کے لیے سب کچھ کریں گے۔
عمران خان کی بہن کا مزید کہنا تھا کہ ہم ڈونلڈ لو کے خلاف امریکا میں مقدمہ درج کرانے جارہے ہیں، جنرل باجوہ نے عوام کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا، جنرل باجوہ، حسین حقانی ، ڈونلڈ لو ملوث ہیں، امریکی حکومت بتائے کہ ڈونلڈ نے کیا پیغام دیا ؟