کم سن لڑکی کی خودکشی کا ڈراپ سین
راولپنڈی: ( ہاٹ لائن نیوز) راولپنڈی میں پندرہ سالہ لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالا سوتیلا بھائی گرفتار ہوگیا ، جس نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔
راولپنڈی میں 15 سالہ لڑکی کے قتل کو خود کشی کا رنگ دینے کے واقعہ کا ڈراپ سین ہوگیا ہے ، سوتیلی بہن کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ چند دن قبل پیش آیا ، جب پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی تو تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے اور فرانزک لئے لیبارٹری میں بھجوا دیئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں درج کروایا گیا تھا، جبکہ فرانزک رپورٹ تھانے کو موصول ہوئی تو شک گھر والوں کی جانب ہی جارہا تھا۔
جب بچی کو پھندا لگایا گیا اس وقت بچی کی والدہ گھر پر موجود نہیں تھی، جس پر بچی کے سوتیلے بھائی کو حراست میں لے کر باقاعدہ تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔
ملزم اظہر نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نے اپنی والدہ کی غیر موجودگی میں سوتیلی بہن پر تشدد کیا اور پھراس کو زیادتی کے بعد گلے میں پھندہ ڈال کر قتل کردیا ۔