ہاٹ لائن نیوز : ڈی جی محکمہ آرکیالوجی اسلام آباد کے بیٹے کی اسی محکمے میں گریڈ 15 میں بھرتی کالعدم قرار دے دی گئی ۔
عدالت نے تحریری امتحان میں پہلی 5 پوزیشنز پر آنے والے امیدواروں کے دوبارہ انٹرویو کرنے کا حکم دیا ۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی محکمہ آرکیالوجی عبدالعظیم نے اپنے بیٹے عمر کو اقرباء پروری سے اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات کیا، محکمہ آرکیالوجی غیر جانبدار افراد پر مشتمل سلیکشن کمیٹی تشکیل دے، ڈی جی آرکیالوجی نے بیٹے کے انٹرویو کے دوران خود کو سلیکشن کمیٹی سے الگ نہ کر کے شفافیت کے اصولوں کی نفی کی ، درخواست گزار ماسٹرز ڈگری ہولڈرز اور اسامی کیلئے منتخب ڈی جی کے بیٹے نے محض گریجویشن کی ہے، درخواست گزار کو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے بھی نمبرز نہیں دیئے گئے، جسٹس انوار حسین نے نوشین اکرم کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا ۔
درخواست گزار نے محکمہ آرکیالوجی اسلام آباد میں اسسٹنٹ کی ایک ہی اسامی پر ڈی جی کے بیٹے کو انٹرویو میں زیادہ نمبر دینے کا اقدام چیلنج کیا تھا ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سمیت 5 امیدوار محکمہ آرکیالوجی اسلام آباد میں اسسٹنٹ کی ایک اسامی پر تحریری امتحان پاس کرنے کے بعد شارٹ لسٹ ہوئے، چیئرمین ڈیپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹی عبدالعظیم نے انٹرویو میں اپنے بیٹے کو زیادہ نمبر دے کر ایک ہی اسامی کیلئے منتخب کیا، ڈی جی آرکیالوجی نے بیٹے کے انٹرویو کے وقت خود کو سلیکشن کمیٹی سے الگ نہ کر کے اقربا پروری کی ۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ محکمہ آرکیالوجی اینڈ میوزم اسلام آباد میں اسسٹنٹ کی آسامی پر ڈی جی کے بیٹے کی بھرتی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔